ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / لاشوں پر سیاست کر رہی ہے بی جے پی:ایس پی

لاشوں پر سیاست کر رہی ہے بی جے پی:ایس پی

Thu, 10 May 2018 00:37:37    S.O. News Service

بلیا ،09؍مئی (ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا ) اتر پردیش اسمبلی میں اپوزیشن کے رہنما رام گووند چودھری نے آج بی جے پی پر اپنے سیاسی فائدے کے لئے دہشت گردوں کی لاشوں کا استعمال کرنے کا الزام لگایا۔چودھری نے ایک سوال کے جواب میں بی جے پی پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ پارٹی اپنے سیاسی فائدہ کے لئے وادی میں فوج کی طرف سے دہشت گردوں کو مارے جانے کو اپنی کامیابی کے طور پر استعمال کر رہی ہے۔وہ لاش پر اقتدار حاصل کرنا چاہتی ہے۔ایس پی اس کی زوردار مخالفت کرے گی۔انہوں نے بی جے پی پر اقتدار کے لئے دیش دروہیوں سے سمجھوتہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ یہ پارٹی کشمیر میں علیحدگی پسندوں کی حمایت کرنے والوں کے ساتھ اور میگھالیہ میں ترنگے کو آگ لگانے والوں کے ساتھ مل کر حکومت چلا رہی ہے۔یہ پارٹی کی حب الوطنی کے کھوکھلے پن کا ثبوت ہے۔علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں محمد علی جناح کی تصویر لگائے جانے کے ہنگامے کے بارے میں پوچھے جانے پر ایس پی لیڈر نے کہا کہ یونیورسٹی ایک خود مختار ادارہ ہے۔تصویر لگانے کا فیصلہ تو اس پر چھوڑ ہی دیا جانا چاہیے۔ بی جے پی ملک کو بنیادی مسئلے سے بھٹکانے کے لئے ایک سازش کے تحت اس معاملے کواٹھارہی ہے۔ بی ایس پی سربراہ مایاوتی پر اس کے اقتدار میں چینی ملوں کی فروخت میں گھوٹالہ کو لے کر سی بی آئی کے کستے شکنجے کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت سی بی آئی اور ای ڈی کو اپنے سیاسی مخالفین کو دبانے کے لئے ہتھیار بنا رہی ہے۔اگر مرکز کی نریندر مودی حکومت سی بی آئی کو ہتھیار بنا کر مایاوتی کو پریشان کرے گی تو ایس پی ملک گیر احتجاج کرے گی۔ اپوزیشن لیڈر نے ریاست کے سابق وزرائے اعلی کی سرکاری رہائش گاہ کے بارے میں سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے پر کہا کہ ریاستی حکومت کو اس پردوبارہ عرضی داخل کرنی چاہئے۔انہوں نے یوگی آدتیہ ناتھ کو اتر پردیش کو اب تک سب سے ناکام وزیر اعلی قرار دیا۔انہوں نے بی جے پی کو دلت مخالف بتاتے ہوئے کہا کہ دلت اب کبھی بی جے پی کو ووٹ نہیں دے سکتے ہیں۔ملک میں دلتوں کو دلت بنانے اوراچھوت کا معاملہ بی جے پی کی ہی دین ہے۔


Share: